MUST News

MUST News

میرپور/ڈڈیال(پی آئی ڈی)08 جنوری 2022
آزادکشمیرکے وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے کہا ہے کہ مسٹ یونیورسٹی کیمپس ڈڈیال کے قیام کے لیے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے احکامات جاری کر دیے ہیں جس پر میں اہلیان ڈڈیال ان کے شکرگزارہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی حکومت آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کے لیے ایسے اقدامات اٹھارہی ہے جس سے عام لوگوں کوفائدہ ہوگا۔ آزادکشمیرمیں روڈانفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بنیادی ضروریات جلد پوری کریں گے۔ موجودہ دور میں طلباء وطالبات کو تعلیمی اداروں تک رسائی آسان بنانا حکومت کا فرض ہے،اس مقصد کے لیے ڈڈیال کے سینکڑوں طلباء وطالبات کئی گھنٹوں کا سفر طے کر کے میرپور اور اسلام آباد یونیورسٹیوں میں جاناپڑتاہے۔ہم نے الیکشن میں ڈڈیال کیمپس کے قیام کاوعدہ کیاتھا جسے انشاء اللہ جلد پوراکردیاجائے گا۔میں پوری کوشش کر رہا ہوں کہ ڈڈیال کے لوگوں کی توقعات پر پورا اتروں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی رکاوٹ پیدانہ ہو۔
ان خیالات کااظہار انھوں نے مسٹ یونیورسٹی میرپورکے ڈڈیال کیمپس کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔مسٹ یونیورسٹی میرپور کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خضرالحق نے مسٹ یونیورسٹی کیمپس کے سلسلہ میں بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر ورکس ایم ڈی ایچ اے چوہدری انعام الحق نے نیو ٹاؤن اوناع اور سیاکھ کے متعلقہ بریفنگ دی۔ اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال، کمشنر میرپورڈویژن چوہدری محمد رقیب خان، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء،ڈائریکٹر سٹیٹ چوہدری طالب حسین، شاہد احمد گورسی، ڈی ایس اے ڈاکٹر الطاف حسین،ڈپٹی رجسٹرار مسٹ محمد نوید چوہدری، سابق ڈی جی ایم ڈی ایچ اے احمد ایاز میر ایڈووکیٹ، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری یاسر ریاض، ممتاز سیاسی سماجی اور کاروباری شخصیت ٹھیکیدار چوہدری عنصر اقبال، پی ٹی آئی ضلع میرپور کے سنیئر نائب صدر ندیم کیانی ایڈووکیٹ، تحصیل صدر چوہدری محمد یاسین، چیئرمین راجہ محمد شبیر، حاجی چوہدری مہربان، حاجی چوہدری محمد تاسب، قاری حفیظ الرحمن چوہدری، پرویز اقبال، تحصیلدار سیماب اسلم، پی ٹی آئی ضلع میرپور کے انفارمیشن سیکرٹری عدنان بہزاد اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے کہا کہ مسٹ یونیورسٹی کیمپس ڈڈیال کے قیام سے ڈڈیال کے طلباء وطالبات کوان کی دہلیز پراعلیٰ تعلیم کے حصول کی سہولیات میسرسکیں گی اورایسے غریب طلباء وطالبات جوسفری سہولیات برداشت نہیں کرسکتے تھے ان کے بچے بھی اس کیمپس میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔اس موقع پرڈڈیال کیمپس کے حوالے سے تفصیلی غوروحوض کیاگیااور کیمپس کے قیام کے لیے یونیورسٹی حکام نے انھیں بریفنگ دی۔وزیرتعمیرات عامہ چوہدری اظہرصادق نے کہاکہ ڈڈیال کی عوام کے لیے جدیدتفریح سہولیات کی فراہمی کے لیے پبلک پارکس بھی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں اس کام میں نہیں پڑنا چاہتا کہ سابقہ حکومتوں نے کیا کام کیا اور کیا نہیں کیا۔ہم اپنی کارکردگی پر توجہ دے رہے ہیں کہ عوام کی سہولیات کے لیے کیاکرناہے اور عوام کی کیاضروریات ہیں۔ اہلیان ڈڈیال نے مجھے اپنانمائندہ منتخب کیاہے اور میں ان کے حقوق کے لیے ہرسطح پرآواز اٹھارہاہوں۔ اہلیان ڈڈیال اور آزادکشمیرکے دوردراز علاقوں تک روڈز سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے ہمیشہ ہماری حوصلہ افزائی کی، وزیر اعظم تمام ترقیاتی کاموں پر خود نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ڈڈیال میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہو گی اور ان پربھی کام شروع ہو گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال نے اس موقع پر کہا کہ ڈڈیال میرے دل کے بہت قریب ہے اور میرا دوسرا گھر ہے ڈڈیال میں یونیورسٹی کیمپس کا فائدہ ڈڈیال سمیت دیگر حلقوں کو بھی ہو گا میں آزاد کشمیر بھر کے دورے کر کے نوجوانوں سے انکے مسائل جاننے کی کوشش کر رہا ہوں، دنیا آئی ٹی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔وزیرمواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق ڈڈیال کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں،چوہدری محمد یوسف مرحوم کے خاندان نے ڈڈیال کی بہت خدمت کی ہے۔بعدازاں وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق، چوہدری محمد اقبال نے نیو ٹاؤن اوناع کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کیلئے مختلف بلڈنگز کا معائنہ کیا۔